• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کتنے دن کا خام تیل اور ڈیزل موجود؟ تفصیل سامنے آگئی

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کو پیٹرولیم قیمتوں کی نگرانی کےلیے قائم کمیٹی نے ملک میں موجود تیل ذخائر کی تفصیل بتادی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم سپلائی، مانیٹرنگ سسٹمز اور ذخائر کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے بعد تیل کی فراہمی اور مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ کمیٹی نے قیمتوں میں رد و بدل کے بعد مارکیٹ نگرانی مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا اور پیٹرولیم ذخائر، درآمدی منصوبوں اور ریفائنری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے، ملک میں اس وقت ڈیزل کے ذخائر تقریباً 25 دن کےلیے کافی ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرول کے ذخائر بھی موجودہ طلب پوری کرنے کےلیے دستیاب ہیں جبکہ خام تیل کے ذخائر تقریباً 12 دن کےلیے موجود ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن کے حکام نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ آئندہ ہفتوں کےلیے درآمدی انتظامات معاہدوں کے تحت جاری ہیں،خام تیل ریفائنڈ مصنوعات میں تبدیل کرنے کےلیے ریفائنریز بہترین کام کررہی ہیں۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ زراعت، کھاد، ٹرانسپورٹ اور صنعت کے شعبوں کےلیے توانائی فراہمی ضروری ہے۔

دوران اجلاس جائزہ کمیٹی نے گیس سپلائی بشمول سوئی ناردرن اورسدرن کے ذخائر کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بروقت ڈیٹا کے ذریعے معلومات کی فوری اور درست فراہمی یقینی بنائی جائے، اوگرا ڈیٹا رپورٹنگ پر عمل درآمد، سپلائی چین میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ کے استحکام کے لیے پیشگی ہم آہنگی، مؤثر نگرانی ضروری ہے، ایندھن کی بلاتعطل فراہمی اور صارفین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔

اعلامیے کے مطابق جائزہ کمیٹی نے اسلام آباد کے پی ایس او پمپس پرمشترکہ ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹیموں میں پیٹرولیم ڈویژن، اوگرا، ایف آئی اے اورپی ایس اوکے نمائندے شامل ہوں گے، یہی ٹیمیں بروقت ڈیٹا انٹری، اسٹاک کی شفافیت اور آپریشنل عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔

قومی خبریں سے مزید