• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کا بل کے پی اسمبلی میں پیش


فائل فوٹو
فائل فوٹو 

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کا بل پیش کیا گیا۔

صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے خیبر پختونخوا اسٹیبلشمنٹ آف سپیشل کورٹس اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی بل 2026 ایوان میں پیش کیا۔

مجوزہ بل کے تحت صوبے بھر میں خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی جو اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے اور تنازعات کے فوری حل کیلئے کام کریں گی۔ ان عدالتوں کے جج پشاور ہائی کورٹ کی مشاورت سے تعینات کیے جائیں گے۔

بل کے مطابق اوورسیز پاکستانی آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے گواہی اور بیانات بھی ریکارڈ کیے جا سکیں گے۔ عدالتیں ہر کیس کا فیصلہ 120 دن کے اندر کرنے کی پابند ہوں گی جبکہ اپیل کے لیے 15 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔

قانون میں جائیداد کی غیر قانونی منتقلی روکنے، کرایہ جات کی وصولی میں مدد دینے اور عدالتی نوٹسز موبائل، ای میل اور مساجد کے ذریعے بھیجنے جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔

مزید برآں، تمام زیر التواء کیسز نئی عدالتوں کو منتقل کیے جائیں گے۔ اس قانون سے سمندر پار پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہوگا اور ان کی جائیدادوں کا مؤثر تحفظ ممکن بنایا جا سکے گا۔

قومی خبریں سے مزید