چینی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف نوجوان اداکار اور ماڈل ’جِن زے‘ 33 برس کی عمر میں اچانک چل بسے۔ ان کی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی، جس کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں میں صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ژامگ جیاوئی المعروف جِن زے کی موت ہانگژو میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ تاہم اہل خانہ کی گزارش پر موت کی وجوہات کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے۔
ایجنسی نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں لواحقین کی رازداری کا احترام کریں اور موت کی وجوہات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی افواہیں پھیلانے سے گریز کریں تاکہ خاندان والے سکون کے ساتھ آخری رسومات ادا کر سکیں۔
جِن زے کی اچانک موت کی خبر چند ہی گھنٹوں میں ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔ شوبز انڈسٹری کے ساتھی اداکاروں اور مداحوں کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ایک محنتی، عاجز اور مخلص انسان کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔
اپنی موت سے محض ایک ماہ قبل جِن زے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ویبو‘ پر اپنی آخری پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنے ایک نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا تھا جس میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔