• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں بھی ہماری سفارتی کامیابی کا اعتراف کیا جا رہا ہے، خواجہ آصف

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف ہماری جیت کا صدر ٹرمپ نے 60، 70 بار ذکر کیا، بھارت میں بھی ہماری سفارتی کامیابی کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا بھر میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف کی جارہی ہے، اپنی قیادت کی بصیرت کو داد دیتا ہوں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جن لوگوں کو شاید یہ معلوم بھی نہ ہو کہ نقشے پر پاکستان کدھر ہے وہ بھی پاکستان کی تعریف کررہے ہیں، جہاں جہاں پاکستانی ہیں وہ فخر سے اپنی شناخت بتا رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ خلیج فارس کے دونوں طرف ہمارے بھائی ہیں ہم ان میں صلح کروارہے ہیں، دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند ہوا، یورپی، مسلمان ممالک اور دیگر دوست ممالک تعریف کر رہے ہیں، ماضی میں ایسی کوآرڈینشن ہوتی تو ہم بہت سارے حادثات سے بچ جاتے، اپنی قیادت کی دور اندیشی کو خراج تحسین کرتا ہوں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان افغان طالبان کے خلاف بھی جنگ لڑ رہا ہے، ہم نے جن کو دہائی تک پالا، آج ان کے ہاتھ ہماری گریبانوں پر ہیں، انشا اللہ ہمارے گریبان تک پہنچنے والے یہ ہاتھ کٹیں گے، 75 سال میں بہت سی غلطی کوتاہیاں ہیں، آج دو سال کی تاریخ بتارہی ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی فخر سے اپنی شناخت بتا رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اللہ کرے ہم کامیاب ہوں اور امن قائم ہو جائے مسلم ممالک کو اس امن پر پہرا دینا پڑے گا، قومی تاریخ میں شاید ہی کوئی ایسا فخر کا لمحہ آیا ہو، پچھلے سال ہم نے اپنے ازلی دشمن کو دھول چٹائی، جس طرح پاکستان کا قد بڑھ رہا ہے، عزت و احترام میں اضافہ ہورہا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، یہ بہت بڑی کامیابی ہے اور سب سے بڑا ورثہ ہے جو آنے والی نسل کو دے کر جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید