• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی قیادت کی سفارتی کامیابی پر جاپان میں بھی مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار کے بعد دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں میں خوشی اور جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 

عالمی میڈیا اور مختلف عالمی رہنماؤں نے بھی اس پیش رفت میں پاکستان کی ثالثی کو سراہا ہے، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لیے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ 

پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکہ اور ایران نے دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق کیا، جسے عالمی سطح پر ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جاپان میں بھی سیاسی و کاروباری حلقوں نے پاکستانی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ 

پیپلز پارٹی جاپان کے رہنما ڈاکٹر شاہد مجید نے بھی وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل آصف منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

اسی طرح پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی سے پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی قیادت نے دانشمندانہ سفارت کاری کے ذریعے نہ صرف ایک بڑے عالمی تصادم کو ٹالنے میں کردار ادا کیا بلکہ دنیا میں پاکستان کا وقار بھی بلند کیا ہے۔

جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس سفارتی کامیابی کو قومی یکجہتی، مدبر قیادت اور عالمی اعتماد کی علامت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان آئندہ بھی عالمی امن کے لیے اسی طرح مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید