وفاقی حکومت نے سندھ کے عوام، خصوصاً نوجوانوں، طلبہ اور بے روزگار گریجویٹس کے لیے ایک بڑے انقلابی پروگرام کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور گورنر سندھ نہال ہاشمی کے پلیٹ فارم سے عملی شکل دی جائے گی۔
اس سلسلے میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد آئندہ چند روز میں کراچی پہنچ کر کئی بڑے عوامی منصوبوں کا اعلان کریں گے، جبکہ سندھ کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق بھی ان منصوبوں کی نگرانی اور رابطہ کاری میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس سندھ کو نوجوانوں کی فلاح، تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے ایک مؤثر مرکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں سے سندھ بھر کے نوجوانوں کے لیے آئی ٹی کورسز، سرکاری جامعات کے مستند سرٹیفکیٹس، لیپ ٹاپ اسکیم، انٹرن شپ، فری لانسنگ اور ملازمت کی تربیت جیسے بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
ان کا مقصد نوجوان نسل کو ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنا اور انہیں قومی و عالمی مارکیٹ میں بااختیار بنانا ہے۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو صرف نمائشی اعلانات نہیں بلکہ حقیقی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ان کے مطابق گورنر ہاؤس ایک عوامی خدمت کے مرکز کے طور پر کام کرے گا، جہاں سے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر اور روزگار کے دروازے کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سندھ حکومت سے بھی تعاون طلب کیا جائے گا جبکہ وفاقی حکومت پہلے ہی مکمل سرپرستی فراہم کر رہی ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے واضح کیا کہ وزیراعظم کا یہ پروگرام پورے پاکستان کے لیے ہے اور سندھ میں اسے مکمل طور پر غیر سیاسی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق آئی ٹی تعلیم، لیپ ٹاپ، ہنر مندی، کھیل، کاروباری معاونت اور روزگار کے مواقع ہر نوجوان تک پہنچانے کے لیے گورنر ہاؤس کے ذریعے ایک جامع نظام وضع کیا جا رہا ہے۔
سندھ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق نے کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے یونیورسٹیوں، صنعتی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو تربیت کے ساتھ فوری روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا سکیں۔
یہ انقلابی منصوبہ سندھ کے نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا اور گورنر سندھ نہال ہاشمی، رانا مشہود احمد اور ڈاکٹر فہد شفیق کی مشترکہ حکمت عملی صوبے میں ترقی، تعلیم اور روزگار کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔