• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی

فوٹو بشکریہ پی ایس ایل / انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ پی ایس ایل / انسٹاگرام

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی۔ 

پشاور زلمی کے 247 رنز کے ہدف کے سامنے کراچی کنگز کی ٹیم 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ ان کےلیے تباہ کن ثابت ہوا۔ 

زلمی کا آغاز تو اچھا نہ تھا، جہاں اسے صفر پر ہی جارح مزاج محمد حارث کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جنہیں اسپنر خوش دل شاہ نے آؤٹ کیا۔ 

تاہم اس کے بعد کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اور کوشل مینڈس نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے پی ایس ایل میں اپنا سب سے بڑا ٹوٹل بنادیا جبکہ اسی دوران بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔ 


کوشل مینڈس نے 52 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

بابر اعظم اور کوشل مینڈس کے درمیان دوسری وکٹ پر 191 رنز کی پارٹنر شپ بنی جو پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔ 

مینڈس کو 17ویں اوور میں عباس آفریدی نے آؤٹ کیا جبکہ اسی اوور میں عباس کے ہاتھوں بریس ویل کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوا۔ 

اختتامی لمحات میں عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو 246 رنز تک پہنچایا۔


دوسرے اینڈ پر موجود کپتان بابر اعظم 51 گیندوں پر 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انکی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔  

پشاور زلمی نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی 2 اور خوشدل شاہ ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔


ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں صرف 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اعظم خان 25، سعد بیگ 14 اور خوش دل شاہ 10 رنز کے ساتھ قابلِ ذکر بیٹر رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

پشاور زلمی کے بولرز بھی بیٹرز کی طرح پرفارمنس دکھانے میں پیچھے نہ رہے۔ زلمی کے ناہید رانا نے 7 رنز دے کر 3، افتخار احمد نے 9 رنز دے کر 3 اور صفیان مقیم نے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں جبکہ ایک کھلاڑی کو شورف الاسلام نے آؤٹ کیا۔ 

پشاور زلمی کے بلے باز کوشل مینڈس کو عمدہ سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی پشاور زلمی کی ٹیم 7 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید