آبنائے ہرمز سے 24 گھنٹوں میں 4 خشک مال بردار جہاز گزرے ہیں، 2 ٹینکر، ایک سامان سے لدا جہاز اور ایک سُپر ٹینکر واپس ایران پہنچ رہے ہیں۔
شپنگ ڈیٹا کا کہنا ہے کہ خام تیل کے سُپر ٹینکر سمیت 3 آئل ٹینکر 24 گھنٹوں میں ایران سے نکلے ہیں، گیس ٹینکر اور خشک مال بردار جہاز آبنائے ہرمز سے باہر نکلنے کے عمل میں ہیں۔
گزشتہ روز آبنائے ہرمز میں سفر کرنے والے زیادہ تر جہازوں کا تعلق ایران سے تھا۔
دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز سے امریکی بحری جہازوں کو گزرنے کی مشروط اجازت دے دی۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا آبنائے ہرمز کھلی ہوئی ہے، اگر دشمنی پر مبنی طرزِ عمل اختیار نہ کریں تو آبنائے ہرمز سے امریکی بحری جہاز بھی گزر سکتے ہیں، آبنائے ہرمز سے محفوظ راستوں کے ذریعے سفر یقینی بنائیں گے۔
آبنائے ہرمز کا بین الاقوامی شپنگ چینل ایران اور عمان کے علاقائی پانیوں پر مشتمل ہے، دونوں ممالک ماضی میں خیر سگالی کے تحت جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرتے رہے ہیں۔
ایران چاہتا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک پُرامن گزرگاہ رہے، راستے کو جنگی جہازوں کے غلط استعمال سے بچانے کے لیے ایران کو عمان اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر واضح طریقہ کار پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔