لاہور(خبرنگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام ملک بھر میں یوم تشکر بنایاگیا،قومی سیاسی وعسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ جنگ بندی کیلئے پاکستانی سفارتی کوششیں قابل قدر ہیں،وزیراعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی عملی سفارتی کوششوں سے خطہ بڑی تباہی سے بچ گیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مزید کہاکہ امریکہ اور ایران کا مذاکرات کی میز پر آنا بڑی اہم پیش رفت ہے اور آج پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے دنیا پاکستان کے مثبت اور تعمیری سفارتی کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔