امریکی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات آج رات اور کل اتوار کو بھی جاری رہ سکتے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایران امریکا مذاکرات کل بھی جاری رہ سکتے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
مذاکرات سے قبل ایران اور امریکا کے وفود نے وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امن کی صورتِ حال پر غور کیا گیا۔
1979 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست اعلیٰ ترین سطح پر بیٹھک ہوئی ہے۔ ان مذاکرات کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام نے مہمانوں کا دارالحکومت میں خیر مقدم کیا ۔ امریکی وفد میں نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں۔