کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر )پاکستان سمیت دنیا بھر میں 15اپریل کو ورلڈ آرٹ ڈے منایا جاتا ہے، جس کا مقصد فن و ثقافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا، تخلیقی اظہار کو فروغ دینا اور دنیا کے مختلف معاشروں میں موجود فنونِ لطیفہ کو سراہنا ہے،یہ دن یونیسکو کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف آرٹسٹ (IAA)کے تحت پہلی بار 2012میں منایا گیا، اور تب سے ہر سال فنکاروں، مصوروں، مجسمہ سازوں، خطاطوں، گرافک ڈیزائنرز اور دیگر تخلیقی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس دن کو اپنے فن کے اظہار اور ترویج کے طور پر مناتے ہیں۔15اپریل کا انتخاب مشہور اطالوی مصور اور ماہرِ فن "لیونارڈو ڈاونچی"کی یومِ پیدائش کے باعث کیا گیا، جو اپنی ہمہ جہت تخلیقی صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں فنونِ لطیفہ کے نمائندہ تصور کیے جاتے ہیں۔