• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں ٹرین پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ، سنئیر نائب صدر جمیل بوستان، نائب صدر ژوب زون موسی جان کاکڑ،نائب صدر کوئٹہ زون عصمت اللہ اچکزئی،نائب صدر قلات زون ،جنرل سیکرٹری نجب الدین اغاایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکریٹری سمیرا عابد، فنانس سیکریٹری آیاز خان کاکڑ ، لائبریری سیکریٹری سنان ہوت ایڈووکیٹ اور پریس سیکرٹری عبد القادر کاکڑ ایڈوکیٹ نے اپنے ایک مشترکہ مذمتی بیان میں کوئٹہ میں ٹرین پر ہونے والے بزدلانہ اور دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی، انسانیت دشمنی اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیاہےکہ ملک میں آئے روز سیکیورٹی فورسز اور نہتے و معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک، افسوسناک اور ناقابل برداشت صورتحال ہے۔ بے گناہ شہریوں اور قومی سلامتی کے محافظوں پر حملے پوری قوم پر حملے کے مترادف ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔اس افسوسناک واقعے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے آج پیر کو بلوچستان بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائیگا۔بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اس اندوہناک واقعے میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے جبکہ زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔بیان میں وفاقی و صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیاگیاہےکہ اس واقعے میں ملوث دہشت گرد عناصر، ان کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین اور عبرتناک سزا دی جائے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین آئینی ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت، ناکامی یا کوتاہی ناقابل قبول ہے۔
کوئٹہ سے مزید