• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اضلاع اور ڈویژنز کی تاریخی اورجغرافیائی حیثیت کو پامال قابل مذمت ہے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں صوبے میں اضلاع اور ڈویژنز کی تاریخی جغرافیائی اور معاشرتی انتظامی حیثیت کو پامال کرنے والی سوشل میڈیا کی خبروں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کلی طور پر مسترد کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم 47 کے مسلط نااہل ناکام اور غیرمنتخب حکومت کا یہ اقدام تاریخی ، جغرافیائی ، ثقافتی ، معاشرتی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اسے کسی طرح بھی قبول نہیں کیا جاسکتا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اضلاع اور ڈویژنز میں یکطرفہ اضافے اور اس کے ذریعے تاریخ کو مسخ کرنے کا اختیار کسی کو نہیں ، پشتون بلوچ سیال اقوام اور ان کے تاریخی وطن ، ان کے سماجی رشتے پامال کرنے کا اختیار کسی کو حاصل نہیں ۔ اضلاع اور ڈویژنز کی تشکیل میں انگریزوں کے برٹش بلوچستان اکثریتی پشتون سرزمین اور ریاست قلات اسٹیٹس پر دو انتظامی یونٹوں کی بنیاد پر کام کرتے چلے آئے ہیں غیرمنتخب حکومت کے اقدام پشتون بلوچ قبائل اور ان کے قبائلی حیثیت اور روایات کی کھلی پامالی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کو اپنا ارادہ اور فیصلہ واپس لینا ہوگا اور اس طرح کے اقدام سے اجتناب برتنا ہوگا ۔ صوبے کے پشتون ان سازشی منصوبوں کو قبول نہیں کریں گے ۔
کوئٹہ سے مزید