اسلام آباد(قاسم عباسی ) ایران کے جاری تنازعے کے حوالے سے عالمی رائے عامہ میں غیر جانبداری، شکوک و شبہات اور اس کے جغرافیائی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا رجحان پایا جاتا ہے، جہاں زیادہ تر لوگ اس بڑھتی ہوئی کشیدہ بین الاقوامی صورتحال میں کسی ایک فریق کی حمایت کرنے کے بجائے فاصلے( لاتعلقی) کو ترجیح دے رہے ہیں۔گیلپ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کی جانب سے 15 ممالک میں کیے گئے ایک جامع فوری سروے، جو 13 اپریل 2026 کو ویانا میں جاری کیا گیا، کے مطابق عالمی سطح پر ایک واضح اتفاقِ رائے سامنے آیا ہے جو تقسیم کے بجائے لاتعلقی پر مبنی ہے۔ 60 فیصد افراد نے کہا کہ وہ کسی بھی فریق کی حمایت نہیں کرتے، جبکہ صرف 16 فیصد نے امریکہ-اسرائیل اتحاد کی حمایت کی اور اتنے ہی 16فیصد نے ایران کی حمایت کی۔ جنگ کی ذمہ داری کے حوالے سے رائے میں واضح عدم توازن پایا جاتا ہے۔ 44 فیصد افراد کا خیال ہے کہ امریکہ اور اسرائیل دونوں یکساں طور پر جنگ کے آغاز کے ذمہ دار ہیں، جبکہ 24 فیصد صرف امریکہ اور 12 فیصد صرف اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔