لاہور (رپورٹ: عمران احسان)عید الاضحی پر ریلیز ہونیوالی نفسیاتی تھرلر فلم سائیکو کی تشہیری مہم کے سلسلے میں لاہور میں ایک خصوصی پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، جہاں میڈیا نمائندگان کے لیے فلم کے ٹیزر کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں فلم کی مرکزی کاسٹ اور پروڈکشن ٹیم کے اہم اراکین نے شرکت کی جن میں سپر اسٹار شان شاہد، اداکارہ میرا اور سینئر اداکار نیئر اعجاز نمایاں تھے،پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شان شاہد نے کہا کہ فلم سائیکو محض ایک روایتی کہانی نہیں بلکہ انسانی ذہن کی پیچیدہ کیفیتوں کو سمجھنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے،فلم کی کہانی اس انداز میں ترتیب دی گئی ہے کہ ناظرین صرف ایک واقعہ نہیں دیکھتے بلکہ کرداروں کے ذہنی اور جذباتی سفر کا حصہ بن جاتے ہیں، فلم میں حقیقت اور تاثر کے درمیان موجود باریک حد کو نمایاں کیا گیا ہے، جس سے یہ سوال جنم لیتا ہے کہ انسان کے فیصلوں کے پیچھے اصل محرکات کیا ہوتے ہیں، شان شاہد کا کہنا تھا کہ یہ فلم ناظرین کو کوئی تیار شدہ جواب دینے کے بجائے انہیں سوچنے، مشاہدہ کرنے اور اپنی تشریح خود کرنے کا موقع فراہم کرتی ہےمیرا نے کہا کہ موجودہ دور میں فلمی صنعت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور وہ ایسے منصوبوں کا حصہ بننا چاہتی ہیں جو محض تفریح تک محدود نہ ہوں ، یہ فلم عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر27 مئی کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جیو فلم کا میڈیا پارٹنر ہے یہ منصوبہ روایتی کمرشل فلموں سے قدرے مختلف ہے کیونکہ اس میں انسانی نفسیات کی پیچیدگیوں کو کہانی کا بنیادی محور بنایا گیا ہے ۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ اگرسائیکو اپنے تخلیقی مقصد میں کامیاب رہی تو یہ پاکستانی سینما میں ایک نئے رجحان کی بنیاد رکھ سکتی ہے جہاں صرف تفریح کے بجائے فکری اور موضوعاتی کہانیوں کو بھی نمایاں مقام حاصل ہوگا۔ ،فلم کی کاسٹ میں شان شاہد، میرا، سونیا حسین، جاوید شیخ، نیئر اعجاز، شبیر جان اور عدنان بٹ شامل ہیں جنہوں نے اپنے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ فلم کا ٹیزر اس سے قبل لندن کے معروف O2 ایرینا میں پیش کیا جا چکا ہے، جسے پاکستانی فلمی صنعت کے لیے ایک اہم بین الاقوامی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔