• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نہیں سمجھتی کہ کرن جوہر برے انسان ہیں: کنگنا رناوت

— فائل فوٹوز
— فائل فوٹوز

متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی بالی ووڈ اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے فلم ساز کرن جوہر کے ساتھ طویل عرصے سے جاری تنازع پر بالآخر وضاحت پیش کر دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گنگنا رناوت اور کرن جوہر کے درمیان تنازع 2017ء میں اس وقت شروع ہوا جب اداکارہ نے ٹی وی شو کافی ود کرن میں بطور مہمان شرکت کی اور دورانِ انٹرویو کرن جوہر کو اقربا پروری (نیپوٹزم) کا علم بردار قرار دیا۔

اب برسوں بعد 40 سالہ اداکارہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس معاملے کو ختم کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتی کہ کرن جوہر کوئی برے انسان ہیں، میرا خیال ہے کہ وہ غیر سنجیدہ اور لائم لائٹ میں رہنے والے سطحی شخص ہیں اور انہیں یہ سب پسند ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ 53 سالہ فلم ساز اپنی اس شخصیت پر فخر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ایک انداز ہے کہ ’آپ ہمارے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے‘، اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ اب میرا کرن جوہر سے کوئی مسئلہ ہے۔

ماضی میں اپنے تنازع کے دوران کرن جوہر نے بھی کنگنا رناوت کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مظلومیت کا کارڈ کھیل رہی ہیں۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بس بہت ہو گیا، آپ ہر وقت خود کو مظلوم ظاہر نہیں کر سکتیں اور یہ نہیں کہہ سکتیں کہ انڈسٹری نے آپ کے ساتھ برا سلوک کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید