اسلام آباد ( آن لائن ) ملک میں مفت موبائل فون سم کی آڑ میں جعلی سمز کارڈز کے غیر قانونی کاروبار کا انکشاف ہوا ہے جس پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ شہری مفت سم کے لالچ میں اپنی بائیومیٹرک تصدیق ہرگز کسی غیر متعلقہ فرد یا غیر مجاز دکاندار کو نہ دیں کیونکہ دھوکہ دہی کے ذریعے صارف کی لاعلمی میں اس کے نام پر اضافی سمز جاری کی جا سکتی ہیں۔اتھارٹی کے مطابق اگر کسی شہری کے نام پر رجسٹرڈ سم غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو تو اس کے نتیجے میں قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں جس کی ذمہ داری متعلقہ صارف پر عائد ہو سکتی ہے۔ پی ٹی اے نے ہدایت کی ہے کہ نئی سم خریدتے وقت صرف موبائل فون کمپنیز کے مجاز کسٹمر سروس سینٹرز یا فرنچائزز سے رجوع کیا جائے اور تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں۔