ٹیکساس (راجہ زاہد اختر خانزادہ) صدر ٹرمپ کے دور میں آئیس( امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ)کی 5لاکھ گرفتاریاں، 700سے زائد امریکی شہری ہونیکا انکشاف! وائٹ ہاؤس کی نئی ویب سائٹ کے اعداد و شمار پر سوالات اٹھ گئے، ڈیٹا میں خامیوں کے اعتراف کے بعد گرفتاریوں میں ڈھائی لاکھ سے زائد کمی، پورٹو ریکو کو غیر ملکی علاقے کے طور پر دکھانے پر بھی تنقید، انسانی حقوق کی تنظیموں نے ٹرمپ انتظامیہ کے دعوؤں کو چیلنج کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے متعارف کرائی گئی متنازع ویب سائٹ Aliens.gov نے دعویٰ کیا کہ امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئیس) نے ملک بھر میں تقریباً پانچ لاکھ افراد کو گرفتار کیا ہے، تاہم ویب سائٹ کے اپنے اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار شدگان میں 700 سے زائد امریکی شہری بھی شامل تھے۔ اس انکشاف کے بعد ویب سائٹ کی ساکھ، ڈیٹا کی درستگی اور ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں پر نئی بحث چھڑ گئی۔ بعد ازاں وائٹ ہاؤس نے اعتراف کیا کہ ابتدائی ڈیٹا میں ایسے مقدمات بھی شامل ہو گئے تھے جو امیگریشن سے متعلق نہیں تھے، جس کے بعد گرفتاریوں کی مجموعی تعداد میں دو لاکھ ستر ہزار سے زائد کی کمی کر دی گئی۔