لاہور (نیوزرپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں تندور مالکان نے سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے روٹی کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کر دیا ہے،شہری پریشان ۔بتایا گیا ہے کہ 14 روپے میں فروخت ہونے والی سادہ روٹی اب 20 روپے تک پہنچ گئی ہے۔تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ ایل پی جی گیس اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث انہیں روٹی مہنگی کرنا پڑی، ان کے مطابق اگر گیس اور آٹا سستا فراہم کیا جائے تو وہ قیمتیں کم کرنے کیلئے تیار ہیں۔دوسری جانب نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر نے اس اضافے کو خودساختہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روٹی کی قیمت میں اضافہ بلاجواز ہے اور اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔