کوئٹہ(نسیم حمید یوسفزئی)ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والی لیڈی کانسٹیبل ملک ناز نے جان کا نذرانہ دیکر صوبے کی پہلی خاتون شہید اہلکار کا اعزاز حاصل کر لیا ۔ شہید خاتون اہلکار کے شوہر عبدالغنی ولد خدابخش، لیویز فورس میں سپاہی تھے اور 2011میں اپریل کے مہینے میں ہی خضدار کے علاقے چمروک میں ٹارگٹ کلنگ میں شہید کر دیے گئے تھے۔ شوہر کی شہادت کے بعد ملک ناز کو 17 اپریل 2013 کو شہید کوٹہ کے تحت لیویز فورس میں بھرتی کیا گیا، جہاں انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے اپنے خاندان کی روایت کو برقرار رکھا۔ اب وہ خود بھی فرض کی راہ میں جان قربان کر کے اسی سلسلے کو آگے بڑھا گئی ہیں۔ مرحومہ اپنے پیچھے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑ گئی ہیں، جن میں 18 سالہ سمیر احمد، 16 سالہ شمائلہ بی بی اور 14 سالہ سمایا بی بی شامل ہیں۔