کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علمائےاسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمٰن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نےبیان میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی میں کیسکو حکام کی نااہلی، غفلت اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ ماندہ، کلی گل محمد، سریاب اور شہر کے دیگر متعدد علاقے کئی کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہتے ہیں جس کے باعث عوام شدید اذیت کا شکارہیں۔ خصوصاً عیدالاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی مسلسل بندش نے گھریلو صارفین تاجروں اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیسکو حکام فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور عوام کو مزید اذیت میں مبتلا کرنے سے گریز کریں۔