• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلعہ سیف اللّٰہ میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، پشتونخوا نیپ

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ حالیہ ہونے والی شدید ژالہ باری اور موسلا دھار بارشوں نے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں نہ صرف درجنوں مکانات کو جزوی اور مکمل نقصان پہنچا ہے بلکہ زمینداروں کی کھڑی فصلیں بھی مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید معاشی نقصان کا سامنا ہے۔ متاثرہ کسانوں اور کاشتکاروں کی سال بھر کی محنت چند لمحوں میں ضائع ہو گئی، جبکہ کئی خاندان کھلے آسمان تلے انتہائی کٹھن حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں سڑکوں، رابطہ راستوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ اس افسوسناک صورتحال پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی (ضلع قلعہ سیف اللّٰہ) نے شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور امدادی ٹیمیں روانہ کی جائیں تاکہ متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے اور انہیں مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ اگر بروقت اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو متاثرہ علاقوں میں انسانی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے دور رس اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
کوئٹہ سے مزید