مردان ( اشرف خان ، بشیرعادل )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مردان ریلوے اسٹیشن گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک عظیم الشان عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضلع مردان کیلئے 50ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کی ہدایت دی ہے اور وہ 25 اپریل کو آزاد کشمیر جبکہ یکم مئی کو لاہور جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قائد کو پیغام دیا ہے کہ قوم تیار ہے، حکم کریں تو اگلے دن اسلام آباد ہوں گے، اور وہ ایک دفعہ نہیں بلکہ ہزار بار عمران خان کی کال پر قربان ہوں گے۔ عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے مشاورت کی جائے، جس پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس مرتبہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس بھی گراؤنڈ میں منعقد کیا جائے گا۔ بشریٰ بی بی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ذاتی معالجین اور اہل خانہ کی موجودگی میں علاج کی سہولت فراہم نہ کرنا اور ملاقاتوں پر پابندی لگانا دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے، اور جب تک انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے انصاف کی امید کم ہو چکی ہے اور اب نظریں عوام پر ہیں۔جلسے سےچیئرمین بیرسٹر گوہر، صوبائی صدر جنید اکبر، عاطف خان، سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر ذیشان خانزادہ، علی اصغر، پییکر صوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی، صوبائی وزراء مینا خان آفریدی، شفیع جان اور ایم پی ایز عبدالسلام آفریدی، افتخار علی مشوانی، طارق آریانی، ظاہرشاہ طورو، طفیل انجم، شکیل خان، گل داد خان، ایم این اے مجاہد خان، زلیحہ عزیز، نادیہ خٹک، شہرام خان ترکئی، سینیٹر فلک ناز، نعیم حیدر پنجوتہ، میاں عمر کاکاخیل، عدنان قادری، فخر جہاں خان سمیت دیگر رہنما شامل تھے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مردان جلسے میں عوام کا جم غفیر عمران خان کی کال پر آیا ہے اور ہماری ذاتی کوئی حیثیت نہیں مردان کیلئے یہ پیکج عوام کی دیرینہ محرومیوں کے ازالے کے لیے دیا جا رہا ہے، جس کے تحت صحت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی، سیوریج سسٹم، شہری سہولیات اور دیگر بنیادی شعبوں کے لیے علیحدہ علیحدہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں اور اس کے ذریعے مردان کو ترقی کے ایک نئے دور میں داخل کیا جائے گا۔