کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ہرنائی کے علاقے زرغون غر کے رہائشی نقیب اللہ دمڑ نے کہا ہے کہ ہمارا علاقہ جدید دور میں بھی تمام سہولیات سے محروم ہے ، صوبائی حکومت علاقے میں تعلیم ، صحت ، گیس ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے ، یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ زرغون غر معدنی دولت سے مالا مال علاقہ ہونے کے باوجود تمام سہولیات سے محروم ہے ، اسکول میں اساتذہ اور ڈسپنری میں عملہ و ادویات نہیں ، اسکولز بند ہونے سے بچے تعلیم سے محروم اور عدم توجہی کے باعث عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہورہی ہیں ۔ علاج معالجہ کی سہولیات نہ کے باعث لوگ علاج کرانے کے لئے دور دراز علاقوں میں جاتے ہیں ۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور سفر کے قابل نہ ہونے کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہےانہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ علاقے میںتمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔