لاہور(خبرنگار)حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار کے توسیعی منصوبے میں ایک جدید ترین، دلکش اور شاندار طرزِ تعمیر کا حامل گنبد تعمیر کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف مزار کی روحانی و تاریخی عظمت کو مزید اجاگر کرے گا بلکہ اس کی افقِ منظر کو بھی ایک منفرد اور دلکش شناخت فراہم کرے گا۔ سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ان خیالات کا اظہار مزار کے توسیعی منصوبے کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔ دورے کے دوران انہیں بریفنگ دی گئی ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی باہمی ہم آہنگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ اسی رفتار کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گنبد سمیت منصوبے کے تمام اہم حصے آئندہ دو ماہ میں مکمل کیے جائیں تاکہ آنے والے عرس سے قبل زائرین کے لیے بہتر سہولیات یقینی بنائی جا سکیں۔