لاہور (خبرنگار) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن نے مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کے دوران انگریزی کے پرچے میں نقل کرنے والے اور دوسروں کی جگہ امتحان دینے والے متعدد جعلی امیدواروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔تفصیلات کے مطابق، گورنمنٹ ہائی سکول رائیونڈ لاہور (A) سے رول نمبر 263585 اور گورنمنٹ ہائی سکول راجنگ قصور (B) سے رول نمبر 373162 کو نقل کرتے ہوئے موقع پر پکڑا گیا۔ اسی طرح گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نظام پورہ ڈھاکہ (شیخوپورہ) میں رول نمبر 318598 اور 318579 جعلسازی کے ذریعے ریکارڈ میں تبدیلی کر کے دوبارہ امتحان دیتے ہوئے دھر لیے گئے قصور میں اصل امیدوار عبدالرحمن کی جگہ اس کا بھائی عبداللہ (رول نمبر 375099) امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا۔ رائیونڈ کے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز میں رول نمبر 218364 محمد شاہ زیب مشتاق کی جگہ جعلی امیدوار حسنین مجید پرچہ دیتے پایا گیا۔ لاہور: گورنمنٹ پبلک ماڈل سکول نین سکھ میں امیدوار دانش حیات (رول نمبر 317422) کو ریکارڈ میں ردو بدل کر کے امتحان دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔