لاہور (خبر نگار) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، نبیل جاوید نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کا پیغام آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے، جو انہیں خوابوں کی دنیا سے عملی تعبیر اور تکمیل تک رہنمائی فراہم کرتا ہے۔وہ اقبال ہال، بادشاہی مسجد میں 88ویں یومِ وفاتِ اقبال کے موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے منعقدہ ایک پُروقار فکری نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار کا عنوان “خواب سے تعبیر تک: اقبال کی فکر، شاعری اور اسلام” تھا۔سیمینار میں سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال، ڈائریکٹر جنرل سول سروس اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمٰن، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبد الخبیر آزاد سمیت طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ حکیم الامت علامہ اقبالؒ کی شاعری قرآن حکیم کا نچوڑ ہے اور خودی کا جامع پیغام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے امتِ مسلمہ کو محض ایک ریاست کا خواب نہیں دیا بلکہ اس کے حصول کے لیے ایک مکمل فکری اور عملی نقشۂ راہ بھی عطا کیا۔