• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریڈ لائن منصوبہ، کنٹریکٹر کا معاہدہ ختم کرنے کی کارروائی شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبےکا تعمیراتی کام مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہونے اور کام میں سست روی کے باعث سندھ حکومت نے متعلقہ کنٹریکٹر کا معاہدہ ختم کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا اور ٹرانس کراچی کی جانب سے کنٹریکٹر کے معاہدے کے خاتمے کو حتمی شکل دینے کے لیے باضابطہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے مطابق حال ہی میں دورہ کرنے والے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے وفد نے کنٹریکٹر کی کارکردگی، کام کی رفتار اور پیشہ ورانہ صحت و تحفظ کے تقاضوں کی عدم تعمیل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، جہاں ترقیاتی کام مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں پایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے لاٹ 2 ( موسمیات سے نمائش تک کوریڈور) کی تعمیر میں تاخیر اور مسلسل سست روی کے پیش نظر صوبائی حکومت نے فیصلہ کن اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، سی آر 3 اور اے ایم ایسوسی ایٹس جوائنٹ وینچر کو دیا گیا کنٹریکٹ مسلسل تاخیر، غیر تسلی بخش کارکردگی ، صحت، تحفظ اور ماحولیاتی معیارات کی خلاف ورزی کے باعث ختم کیا گیا ہے، یہ فیصلہ کراچی کے شہریوں کو طویل تاخیر کے سبب پیش آرہی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، کیوں کہ حکومت بروقت اور معیاری انفرااسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانے اور ان پر سخت نگرانی و جواب دہی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید