بیروت ( جنگ نیوز) جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے جاری، مزید چار افراد شہیدہوگئے۔ ٹرک اور موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا گیا، سرحدی علاقوں میں شہریوں کی واپسی پراسرائیلی پابندی برقرار ہے۔صدرٹرمپ کی اعلان کردہ جنگ بندی میں توسیع کے باوجود اسرائیل نے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔نیتن یاہو نے حزب اللّٰہ پر حملوں کا حکم دے دیا لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے نبطيہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں چار افراد شہید ہو گئے ہیں، جن میں ایک ٹرک اور موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائیاں اس وقت ہوئیں جب حال ہی میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی میں توسیع کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود اسرائیل نے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز بھی مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں چھ افراد شہید ہوئے تھے، جبکہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے کئی علاقوں میں شہریوں کی واپسی پر پابندی برقرار رکھی ہے اور حزب اللّٰہ کے راکٹ لانچرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ صورتحال کے باعث خطے میں امن کی کوششیں مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہیں اور جنگ بندی کے باوجود فریقین کے درمیان تناؤ بدستور موجود ہے۔