انقرہ (جنگ نیوز) ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ طے پا جاتا ہے، تو ترکی آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانے میں مدد کیلئے تیارہے، ترکیہ اصولی طور پر ایسی کوششوں کو ایک انسانی فریضہ سمجھتے ہوئے مثبت نظر سے دیکھتا ہے۔گزشتہ روزلندن میں صحافیوں سے گفتگو میں فیدان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے بعد مختلف ممالک کی ایک مشترکہ تکنیکی ٹیم بارودی سرنگیں ہٹانے کا کام کریگی اور ترکی کو مائن کلیئرنگ آپریشنز میں حصہ لینے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔فیدان نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں بننے والا یہ تکنیکی اتحاد دوبارہ کسی تنازع کا حصہ بنتا ہےتو ترکی اپنی پوزیشن پر نظرِ ثانی کرے گاانہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق مسائل پاکستان میں ہونے مذاکرات کےاگلے دور میں حل ہو سکتے ہیں۔