افریقا کے ملک گبون میں امریکی کروڑ پتی اور بڑے جانوروں کے شکار کے شوقین ارنی ڈوسیو ہاتھیوں کے حملے میں ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 75 سالہ ارنی ڈوسیو شکار کے دوران ایک ہاتھیوں کے جھنڈ تلے کچلے گئے۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ گبون کے جنگلاتی علاقے میں پیلے پشت والے ہرن (ڈیوکر) کا شکار کر رہے تھے، اس دوران وہ اور ان کا گائیڈ اچانک 5 مادہ ہاتھیوں اور ایک بچے کے سامنے آ گئے۔
سفاری کمپنی کلیکٹ افریقا نے اپنے ساتھی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ واقعے میں ان کے ہمراہ موجود پیشہ ور شکاری گائیڈ بھی شدید زخمی ہوا۔
ذرائع کے مطابق ارنی ڈوسیو طویل عرصے سے شکار کے شوقین تھے اور انہوں نے افریقا اور امریکا میں مختلف جانوروں کا شکار کر کے کئی ٹرافیز حاصل کر رکھی تھیں۔
اگرچہ بڑے جانوروں کے شکار پر اختلاف پایا جاتا ہے، تاہم قریبی افراد کا کہنا ہے کہ ان کے تمام شکار قانونی اجازت کے تحت کیے گئے اور انہیں جانوروں کی تعداد کو کنٹرول کرنے کے عمل کا حصہ قرار دیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کے حکام گبون میں ان کی میت کو واپس امریکا منتقل کرنے کے انتظامات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گبون کے جنگلات دنیا میں جنگلی ہاتھیوں کی بڑی تعداد کا مسکن ہیں اور یہ نسل عالمی سطح پر شدید خطرے سے دوچار سمجھی جاتی ہے۔