امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے سرکاری فنڈنگ سے چلنے والے نیشنل سائنس بورڈ کے تمام اراکین کو برطرف کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سابق رکن اور قانون سازوں کا کہنا ہے کہ قومی سائنسی ادارے کی پالیسی سازی کرنے والے بورڈ کے تمام 22 ارکان کو برطرف کر دیا ہے۔
قومی سائنسی ادارے کی پالیسی سازی بورڈ نیشنل سائنس بورڈ (این ایس بی) میں یہ برطرفیاں ٹرمپ انتظامیہ کے اس سلسلے کی تازہ کڑی ہیں جس کے تحت وفاقی حکومت کی ساخت میں بنیادی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
راجر بیچی کو 2020 میں ٹرمپ کی جانب سے سائنس بورڈ میں دوسری 6 سالہ مدت کے لیے دوبارہ تعینات کیا گیا تھا، انہوں نے کہا ہے کہ مجھے اور میرے ساتھیوں کو برطرفی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطرفی کا ای میل مختصر اور واضح تھا، جس میں صرف ’آپ کی خدمات کا شکریہ‘ کہا گیا تھا۔
اس سے قبل محکمۂ تعلیم اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی سمیت متعدد اداروں میں بھی بڑے پیمانے پر کٹوتیاں کی گئی ہیں۔