• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

چغتائی آرٹ ایوارڈز 2026ء کی تقریبِ تقسیمِ انعامات ترکیہ کے تاریخی شہر چوروم میں نہایت وقار کے ساتھ منعقد ہوئی۔

تقریب کا عنوان ہمالیہ سے کیپاڈوکیا تک تھا، جس میں پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، چوروم کے گورنر علی چان، میئر حلیل ابراہیم آشگن اور صوبائی ڈائریکٹر برائے قومی تعلیم جمیل چالار نے شرکت کی۔

اس موقع پر چوروم گورنریٹ، سفارت خانۂ پاکستان، ترک وزارتِ قومی تعلیم کے نمائندگان کے علاوہ طلبہ، اساتذہ اور ذرائع ابلاغ کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رشتہ مشترکہ تاریخ، یکساں اقدار اور باہمی احترام پر استوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع دونوں ممالک کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے اور ان کے درمیان یکجہتی اور ہم آہنگی کی علامت ہے۔

گورنر علی چان نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی برادرانہ دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی سرگرمیاں اور نوجوانوں کی شمولیت اس دوستی کو مزید فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

مقابلے کے نتائج کے مطابق چوروم فائن آرٹس ہائی اسکول کی طالبہ نہیر ایلان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ایرم دوکباش دوسری اور اوزیجدر سوشل سائنسز ہائی اسکول کی ایلف بیرا یلدرم تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائیں۔

یہ ایوارڈز معروف پاکستانی مصور عبدالرحمن چغتائی کے نام سے منسوب ہیں اور ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانہ 2011ء سے ہر سال ان کا انعقاد کر رہا ہے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید