• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفاعی اخراجات پر وزیراعظم سے اختلاف، برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی مستعفی

  
مستعفی برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی(تصویر سوشل میڈیا)۔
مستعفی برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی(تصویر سوشل میڈیا)۔

برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ 

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈیفنس سیکریٹری جان ہیلی نے استعفیٰ وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ دفاعی اخراجات پر اختلاف کے باعث دیا۔ 

جان ہیلی کا کہنا تھا کہ میں ناکام ہو گیا ہوں، فوج کو درکار وسائل فراہم نہیں کیے جا رہے، جس کی وجہ سے دفاعی تیاری متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مستعفی برطانوی وزیرِ دفاع نے وزیرِ اعظم اور وزارتِ خزانہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے عالمی خطرات کے باوجود دفاعی شعبے کو درکار مالی وسائل فراہم نہیں کیے جا رہے۔ 

انہوں نے خبردار کیا کہ ناکافی فنڈنگ کے باعث ایسے فیصلے کرنا پڑ سکتے ہیں جو ملکی سلامتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں۔

جان ہیلی نے اپنے خط میں یوکرین کی حمایت اور نیٹو میں برطانیہ کے کردار کو اپنی اہم کامیابیوں میں شمار کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ قومی دفاع کے بنیادی تقاضوں پر سمجھوتہ میرے لیے ممکن نہیں تھا، اسی لیے میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق وزیرِ دفاع کا استعفیٰ کیئر اسٹارمر حکومت کے لیے ایک بڑا سیاسی چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بھی دفاعی بجٹ اور حکومتی پالیسیوں پر سوالات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔ 

برطانوی حکومت کی جانب سے تاحال نئے وزیرِ دفاع کے تقرر کے بارے میں کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید