اسلام آباد (عاصم جاوید) گریڈ 21 کے افسر رائے محمد ناصر خان نے جونیئر افسر کو چیف اکانومسٹ کی پوسٹ پر ترقی دینے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ۔ درخواست گزار نے عدالت سے اپنی حد تک ریکارڈ طلب کرنے اور ہائی پاور سلیکشن بورڈ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ درخواست گزار رائے محمد ناصر خان نے اپنی درخواست میں وفاق بذریعہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سیکرٹری پلاننگ اور چیف اکانومسٹ وزارت پلاننگ، ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل انیشیٹیو ڈاکٹر امتیاز احمد کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا کہ سائل نے 1992 میں اپنی سروس کا آغاز کیا اور 2018 میں وزارت پلاننگ، ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل انیشیٹیو میں گریڈ 21 میں بطور جوائنٹ چیف اکانومسٹ ترقی دی گئی۔ 14 دسمبر 2021 کو درخواست گزار کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھجوا دیا گیا اور آج تک کہیں پوسٹنگ نہیں کی گئی۔