راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) مرکزی مسلم لیگ نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن 2026 میں حصہ لینے کا اعلان کر دیاہے۔ جنرل سیکرٹری انجینئر مبین صدیقی نے راولپنڈی کےمرکزی سیکرٹریٹ میں اجلاس کے بعدپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ صاف پانی، سیوریج اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل، خصوصاً پینے کے صاف پانی کی قلت، ناقص سیوریج سسٹم، ٹوٹی سڑکیں اور صفائی کے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت میدان میں اتری ہے اور ان شاءاللہ عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں گے، نوجوانوں کو آگے لا کر ایک مضبوط اور متحرک ٹیم تشکیل دی جائے گی جو علاقے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔