کراچی (نیوز ڈیسک)سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز نے کہا ہے کہ کمیونٹی کے لئے اسماعیلی اسکاؤٹس کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ اس ڈسٹرکٹ سے وابستہ اسکاؤٹس نے پاکستان کے بہترین اسکائوٹس کے ایوارڈز حاصل کر کے سندھ کا نام روشن کیا ہے ۔ اسکاؤٹ اسکلز میں اس ڈسٹرکٹ کے اسکائوٹس نے سبقت برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صدیق میمن اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں منعقدہ ’اسٹارز آف اسکاؤٹنگ ‘ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے صوبائی سیکرٹری سید اختر میر ،اسماعیلی کمیونٹی کے سدرن زون کے صدر آمین تیجانی ، عدیل ویرانی ، علی تھاروانی اور ذوالفقار حاکم علی ، نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں نائب صوبائی کمشنر حسین مرزا ، رفیق جندانی ،ڈپٹی سیکرٹری فرقان یوسفی ، سید حبیب الدین ، صادق جعفری ، گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اسکاؤٹ ان کے والدین اور لیڈرز بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر صدارتی گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اسکاؤٹس کو شیلڈز پیش کی گئیں ۔