کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے ہر ہفتے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اقدام ہے،ایران و امریکہ کشیدگی کو جواز بنا کر عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا، فی لیٹر پیٹرول پر 32فیصد ٹیکس عائد کیا جارہا ہے، جسکے نتیجے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے، حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے عوام پر پیٹرول بم گرا رہے ہیں۔وہ نیشنل لیبر فیڈریشن کے تحت گریس گارڈن کورنگی ڈھائی میں یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر ”یکجہتی مزدور کنونشن“سے خطاب کررہے تھے۔ منعم ظفر نے کہا کہ ملک کی 25 کروڑ آبادی میں سے 10 کروڑ لوگ خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور لاکھوں افراد یہاں کی صنعتوں سے وابستہ ہیں، مگر پانی، بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے باعث صنعتیں کراچی سے دوسرے شہروں میں منتقل ہورہی ہیں، مزدور معمولی تنخواہوں پر کام کررہے ہیں، انکی ملازمت کا کوئی تحفظ نہیں اور ہر روز یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ کہیں ملازمت سے نکال نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یکم مئی کے موقع پر مزدوروں کے مسائل پر تقریب منعقد کرنے پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔منعم ظفر خان نے کہاکہ نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان کے ساتھ ایک فیکٹری میں تشدد کی شدید مذمت کرتےکہا کہ خالد خان سے معافی مانگی جائے، بصورت دیگر احتجاج اور دھرنے کا راستہ اختیار کیا جائیگا۔