کراچی( اسٹاف رپورٹر )حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے،مختلف علاقوں سے 6 افراد کی لاشیں ملیں۔تفصیلات کے مطابق کینٹ ریلوے تھانے کی حدود چنیسر ہالٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔متوفی کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 65 سالہ نعیم اختر ولد سمیع اللہ کے نام سے کی گئی ۔ ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے روڈ نیوٹرک اڈا کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت 35 سالہ حبیب اللہ ولد سیف الرحمان اور 30 سالہ محمد عیسیٰ ولد محمد یعقوب کے ناموں سے کی گئی ، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔کلفٹن نیلم کالونی گلی نمبر 20 کے قریب گھر سے ایک ث نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت 17 سالہ اسد ولد نذیر کے نام سے کی گئی۔گارڈن فاطمہ جناح اسکول ماہرہ گارڈن کےث قریب سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کی عمر 35 برس کے قریب ہے۔ رنچھوڑ لائن الشفاء کلینک کے قریب سے 30 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی، نمائش پیپلز چورنگی کے قریب سے 55 سالہ شخص کی لاش ملی۔قیوم آباد کے پی ٹی برج کے قریب فٹ پاتھ سے 35 ساکیں شخص کی لاش برآمد ہوئی۔سہراب گوٹھ پل کے نیچے سے 35 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ۔مذکورہ پانچوں لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق تمام افراد نشے کی زیادتی سے ہلاک ہوئے ہیں۔