اسلام آباد، کراچی (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات متحدہ عرب امارات میں ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں پاکستان اماراتی قیادت، عوام اور حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، جنگ بندی اور اسکا احترام ناگزیر ہے، موجودہ صورتحال میں سفارتی کوششوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے، دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مخالصانہ کوششوں سے امریکا کیساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، جبکہ سعودی عرب نے بھی پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں اور ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیرجیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی اور معرکہ حق کی سالگرہ پر پاکستان کی فیصلہ کن کامیابی پرانہیں مبارکباد دی اور پاک چین اسٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی پائیدار مضبوطی کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے گزشتہ رات متحدہ عرب امارات میں شہری تنصیبات پر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہے اور ہر قسم کی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ شہباز شریف نے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے جنگ بندی کا برقرار رہنا اور اسکا مکمل احترام بے حد ضروری ہے تاکہ مذاکرات کیلئے موزوں ماحول پیدا ہو سکے اور دیرپا امن و استحکام کی راہ ہموار ہو۔ دریں اثناء ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان کی کوششوں کے باعث امریکا سے بات چیت میں پیش رفت ہو رہی ہے۔