اسلام آباد(مہتاب حیدر) بینکوں کی جانب سے سست روی (go slow) کی پالیسی دیکھنے کے بعد، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) نے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی پیش کردہ سمری منظور کر لی، جس کا مقصد وزیرِ اعظم اپنا گھر (PM-APG) پروگرام کے تحت ہاؤسنگ فنانس کی رسائی کو بڑھانا ہے۔نظرِ ثانی شدہ فریم ورک میں ادارہ جاتی فنانسنگ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، اوورسیز پاکستانیوں کی شمولیت، اور نان بینکنگ فنانشل انسٹیٹیوشنز (NBFIs) کی شرکت شامل کی گئی ہے تاکہ پروگرام کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حکومت کی باقی مدت کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا ہے، تاہم کمرشل بینک مختلف وجوہات کی بنیاد پر سست روی کا شکار ہیں۔ اب حکومت نے قرض دینے والے اداروں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے NBFIs اور دیگر اداروں کو شامل کیا ہے تاکہ ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے قرضوں کے اجرا میں تیزی لائی جا سکے۔کمیٹی نے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری بھی منظور کی، جس میں یومِ آزادی/معرکۂ حق تقریبات 2025 کے اخراجات کے لیے 59.624 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ (TSG) کی منظوری دی گئی۔