اسلام آباد (اسرار خان)مالی سال 26-2025،جولائی تا مارچ پاکستان کی صنعتی پیداوار میں 6.5 فیصد اضافہ، مارچ میں صنعتی پیداوار میں 11 فیصد اضافہ؛ آٹو سیکٹر کی کارکردگی نمایاں، ٹیکسٹائل اور اسٹیل تاحال دباؤ کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بیورو آف شماریات کی منگل کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ (جولائی تا مارچ 2025-26) کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار (ایل ایس ای) میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6.48فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صنعتی شعبے میں ہونے والی اس مثبت پیشرفت کی بنیادی وجہ گاڑیوں، تیار ملبوسات، خوراک اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں ہونے والا بھرپور اضافہ ہے۔ اس عرصے کے دوران مینوفیکچرنگ کے وسیع تر شعبوں بشمول مشروبات، تمباکو، ٹیکسٹائل، کاغذ و بورڈ، ربر، غیر دھاتی معدنی مصنوعات، اور تیار شدہ دھاتی اشیاء کی کارکردگی میں بھی بہتری دیکھی گئی۔