وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی سے ایران کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ایران سے قریبی تاریخی، ثقافتی اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اس ملاقات کے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے رابطوں پر بات کی گئی، تفتان زاہدان روٹ اور اسلام آباد–تہران–استنبول فریٹ ٹرین پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق کوئٹہ–تفتان ریلوے سیکشن کی مرمت اور بحالی کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا اور ریلوے آپریشنز کے تسلسل کے لیے سیکیورٹی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کو ضروری قرار دیا گیا۔
ملاقات میں خطے اور خصوصاً مشرق وسطیٰ کی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، اس موقع پر پاکستان نے امن اور سفارتی حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔
ایرانی سفیر نے خطےمیں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
فریقین نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مذاکرات اور امن کی کوششوں کو مؤثر قرار دیا۔