اسلام آباد(طاہرخلیل )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا‘جنگ میں بھارت کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف مزید کوئی مہم جوئی کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گا۔معرکہ حق میں بھارت کے اہم اہداف ہمارے نشانے پر تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے ڈرون ہمارے مختلف علاقوں میں بھیجے، بھارتی ڈرون تھوڑی تعداد میں پاکستان پہنچے، اکثر ڈرونز کو بارڈر پر ہماری رینجرز نے تباہ کیا، بھارت کی کوشش تھی کہ سائبرحملے کرے لیکن سائبر حملوں میں بھارت ہمارے نزدیک بھی نہیں آ سکا۔