• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، 1845 افراد کو 5 ارب سے زائد قرضے فراہم کردیے گئے

اسلام آباد(کامرس رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بتایاگیا کہ آئندہ چار برسوں میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی قرضے فراہم کیےجائیں گے ، وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 1845افراد کو پانچ ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں ، 25,304 موصول ہونیوالی درخواستوں میں سے8990درخواستیں منظورہو چکی ہیں جن کے قرضوں کی مالیت 37ارب روپے سے زائدہے، وفاقی سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکریٹری قانون و انصاف نے ارکانِ کمیٹی کو وزیراعظم اپنا گھر پروگرام اس کے نفاذ کے فریم ورک اور ہاؤسنگ فنانس و فورکلوژر قوانین سے متعلق مجوزہ اصلاحات پر بریفنگ دی۔سیکریٹری وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اپنی پریزنٹیشن میں بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ایک سبسڈی شدہ ہاؤسنگ فنانس سکیم ہے، اس کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم ہوگا جس پر مقررہ مارک اپ ریٹ 5 فیصد ہے، اور ادائیگی کی مدت 20 سال رکھی گئی ہے جبکہ فنانسنگ کا تناسب 90:10 ہے۔ 30 اپریل 2026 تک 25,304 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 8,990 درخواستیں (37.154 ارب روپے)منظور کی گئیں، جبکہ 1,845 افراد کو 5.071 ارب روپے جاری کیے جا چکے، وزارت ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ بینکوں کے خدشات کم کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور مارگیج فنانس سیکٹر کی پائیدار ترقی کے لیے فورکلوژر اور ریکوری قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔کمیٹی نے کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ بدستور شدید حد تک غیر ترقی یافتہ ہے اور اس کے لیے ساختی اصلاحات، بہتر فورکلوژر و ریکوری قوانین، اور ایک سازگار ریگولیٹری ماحول کی ضرورت ہے تاکہ بینک اور مالی ادارے مارگیج قرضوں میں اضافہ کر سکیں۔
اہم خبریں سے مزید