راولپنڈی (عاصم جاوید) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نوبل امن ایوارڈ دینے اور 10 مئی کو ان کی تصویر کے ساتھ یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ گزشتہ روز پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر اور میڈیا کو آرڈینیٹر عزیز احمد اعوان نے کہا کہ معرکہ حق نے پاکستان کی قوم کی تقدیر بدل دی ہے اور قوم ساری عمر یہ احسان یاد رکھے گی، 10 مئی کو معرکہ حق کے موقع پر سوسائٹی لاہور میں ایک بہت بڑا سیمینار منعقد کر رہی ہے، جس میں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم سمیت ملک بھر سے سوسائٹی کے عہدیراران اور اسپیکر پنجاب اسمبلی خصوصی طور پر شرکت کرینگے، انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے، پاکستان کی پہچان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ انہوں نے واقعی پاکستان کے محافظ ہونے کا حق ادا کیا ۔