سنیما کی تاریخ کے سب سے کامیاب خان نے باکس آفس پر 22000 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی، جو شاہ رخ، سلمان اور عامر خان کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ ہے۔
جب سے فلموں کی باکس آفس کمائی کے ریکارڈ رکھنے کا رجحان عام ہوا ہے، اداکاروں کی مقبولیت اور اسٹارڈم کو ان کی فلموں کی کمائی سے ناپا جانے لگا ہے۔ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ باکس آفس پر کامیابی کسی اداکار کی عوام میں کشش کا ثبوت ہوتی ہے۔
اسی لیے جتنی زیادہ کسی اداکار کی فلمیں کماتی ہیں، اتنا ہی بڑا اسٹار اسے سمجھا جاتا ہے۔ ہالی ووڈ میں بھی یہی روایت رہی ہے، جہاں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، ٹام کروز، آرنلڈ شوارزینگر اور رچرڈ برٹن جیسے نام تاریخ کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔
لیکن بھارت میں ایک اداکار نے اس حساب کو بدل کر رکھ دیا، کیونکہ اس نے مغربی سنیما میں بھی غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔ ہالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کی وجہ سے، انہوں نے ڈالرز اور پاؤنڈز میں اربوں کمائے، وہ نہ صرف بالی ووڈ بلکہ تینوں خانوں سے بھی آگے نکل گئے۔
بالی ووڈ کے سب سے کامیاب خان دراصل ہالی ووڈ میں بھی ایک معروف نام تھے۔ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان گزشتہ تین دہائیوں سے ہندی فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے اسٹارز ہیں۔ 1990 کی دہائی میں امیتابھ بچن کے نسبتاً پس منظر میں جانے کے بعد ان تینوں نے سنی دیول اور سنجے دت جیسے بڑے اداکاروں کو پیچھے چھوڑ کر بالی ووڈ کی حکمرانی سنبھالی۔
تاہم مرحوم عرفان خان آج بھی دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے بھارتی اداکار مانے جاتے ہیں۔ تین دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں انہوں نے ایسی فلموں میں کام کیا جنہوں نے دنیا بھر میں تقریباً 4 ارب ڈالرز کمائے۔ اس کامیابی میں ہالی ووڈ کی چار بڑی بلاک بسٹر فلموں کا اہم کردار تھا۔ ان میں جراسک ورلڈ، دی امیزنگ اسپائیڈر مین، دی لائف آف پی اور سلم ڈوگ ملین ایئر شامل ہیں۔
اپنے کیریئر کے دوران عرفان خان نے کئی بین الاقوامی فلموں میں کام کیا اور عالمی سطح پر سب سے زیادہ پہچانے جانے والے بھارتی اداکار بن گئے۔ 2006 کی دی نیم سیک سے لے کر 2016 کی انفرنو تک، ان کی ہالی ووڈ فلموں نے بھارتی کرنسی میں تقریباً 21 ہزار کروڑ روپے کمائے۔
ان کی بھارتی فلموں نے بھی ایک ہزار کروڑ سے زائد کا بزنس کیا، جن میں پیکو اور غنڈے شامل ہیں، جنہوں نے سو کروڑ سے زیادہ کمائی کی۔ ان میں پیکو ان کی سب سے بڑی بھارتی ہٹ فلم ثابت ہوئی، جس نے دنیا بھر میں141 کروڑ (23 ملین ڈالر) کمائے۔
شاہ رخ خان بالی ووڈ کی تاریخ کے سب سے کامیاب ہیرو مانے جاتے ہیں، جن کی فلموں نے تقریباً 10000 کروڑ روپے کمائے۔ سلمان کی فلموں نے 7500 کروڑ روپے سے زیادہ کمائے، جبکہ عامر خان کی فلموں کی کمائی تقریباً 7000 کروڑ رہی۔
لیکن عرفان خان اور ان میں فرق یہ تھا کہ یہ تینوں ہمیشہ اپنی فلموں کے ہیرو رہے، جبکہ عرفان خان نے ہالی ووڈ میں زیادہ تر معاون کردار ادا کیے۔ ان کی بڑی فلمیں کرس پریٹ، اینڈریو گار فیلڈ اور ٹام ہینکس جیسے عالمی ستاروں کی قیادت میں بنیں۔
بھارتی سینما کے بہترین اداکاروں میں شمار ہونے والے عرفان خان نے اپنے کیریئر کا آغاز 1987 میں ٹی وی شو سے کیا۔ بعدازاں انہوں نے سلام بمبئی اور ایک ڈاکٹر کی موت میں کام کیا۔ ان کی اصل کامیابی 2003 میں فلم حاصل سے ملی۔ جسکے بعد مقبول، پان سنگھ تومر، بلو، سات خون معاف اور حیدر جیسی کامیاب فلمیں کیں۔ عرفان خان کا 2020 میں 53 برس کی عمر میں کینسر سے انتقال ہوا۔