پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرپختونخوا میں کمیونٹی آؤٹ ریچ ورکرز اور نجی شعبے کے ڈاکٹروں کے درمیان تعاون کے نتیجے میں دور دراز خانہ بدوش آبادی میں حفاظتی ٹیکوں سے محروم بچوں تک رسائی حاصل کر لی گئی۔ اس اقدام کے تحت پہلی بار متعدد زیرو ڈوز بچوں کو معمول کے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔ اس حوالے سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق پشاور کی یونین کونسل ارمڑ بالا کے معالج ڈاکٹر ہارون آفریدی کے پاس علاج کیلئے آنیوالے ایک بچے کے معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ خانہ بدوش خاندانوں کے کئی بچے معمول کی ویکسینیشن سے محروم ہیں، صورتحال کی اطلاع ملنے پرمرف کے آؤٹ ریچ ورکر حضرت عمر نے غری گلہ خان کے دور افتادہ علاقے کا دورہ کیا جہاں تقریباً 30ایسے بچوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے گئے تھے۔بعد ازاں مشکل اور دشوار گزار راستوں کے باوجود خصوصی آؤٹ ریچ ویکسینیشن سیشن منعقد کیا گیا، جس کے دوران 30بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے جن میں سات زیرو ڈوز بچے بھی شامل تھے جبکہ دیگر رہ جانے والے بچوں کو بھی کور کیا گیا۔ اس موقع پر والدین اور مقامی افراد کو حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اور قابلِ انسداد بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی۔مقامی عمائدین اور شخصیات کو بھی مہم میں شامل کیا گیا۔