پشاور(خصوصی نامہ نگار)خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آئی ٹی ایف انٹرنیشنل ٹائٹل جیتنے والے پشاور کے ٹینس سٹار محمد شعیب کے اعزاز میں خصوصی تقریب آج پشاور سپورٹس کمپلیکس میں سہ پہر ساڑھے چار بجےمنعقد ہوگی ۔ خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عمرایاز خلیل کے مطابق ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر ڈی آئی جی محمد سلیم مروت کی ہدایت کے مطابق محمد شعیب کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جارہی ہے اس موقع پرسابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ ، اولمپک سیکرٹری ذوالفقار بٹ،ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر‘ڈی ایس اوز‘ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس جمشید بلوچ اور دیگر موجود ہوں گے۔محمد شعیب کا پشاور سپورٹس کمپلیکس کے مین گیٹ پر استقبال کیا جائے گا اور پھر ان کے اعزاز میں تقریب ہوگی، تقریب میں ٹینس ایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے لئے انعام کا بھی اعلان کیاجائے گا۔ یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ 25 سال بعد کسی ٹینس کھلاڑی نے آئی ٹی ایف ٹائٹل اپنے نام کیا ہے ‘محمد شعیب نے حال ہی میں ہونیوالے انٹرنیشنل ٹینس دو مقابلوں میں شرکت کی جس میں ایک ٹائٹل انہوں نے اپنے نام کیا جبکہ دوسرے مقابلے کے فائنل میں انہیں سویڈن کےکھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد شعیب نے پاکستان ٹینس سٹار اور انٹرنیشنل کھلاڑی اعصام الحق اور عقیل خان کے بعد یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے ۔