لاہور (خبرنگار) پنجاب میں گرمیوں کی طویل تعطیلات کے اعلان پر ملک کی مختلف تعلیمی تنظیموں کے رہنماؤں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً 95 روزہ تعطیلات طلبہ کے تعلیمی مستقبل، تدریسی تسلسل اور تعلیمی معیار کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گی۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کردہ متفقہ اکیڈمک کیلنڈر پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ یہ مطالبہ سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، چیئرمین پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن میاں علی رضا، آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر کاشف ادیب، ماہر تعلیم میاں احمد علی اور میاں اسد اقبال بھٹی نے نجی اسکولوں کی تنظیموں کے عہدیداران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔